نیویارک : (جیو دیسک) نیویارک گیارہ ستمبر کے حملے میں تباہ ہونے والے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جگہ تعمیر کی جانیو الی ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت نیویارک کی بلند ترین عمارت بن گئی، تعمیر مکمل ہونے کے بعد امریکا کی سب سے بلند عمارت ہوگی۔ 11 ستمبر کے حملے میں تباہ شدہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کمپلیکس میں 7 عمارتیں تھیں جن میں دنیا کی سب سے بلند عمارت کا اعزاز رکھنے والے جڑواں ٹاور بھی شامل تھے۔ اس جگہ اب 5 عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں جن میں سے پہلی عمارت ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر تکمیل کے مراحل میں ہے۔
تعمیراتی کارکنوں نے گزشتہ روز زیر تعمیر منزل پر اسٹیل کے پلر نصب کئے جس کے بعد اس نے بلندی میں ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیویارک کی سب سے بلند عمارت کا اعزاز حاصل کرلیا۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہ امریکا کی سب سے بلند اور دنیا بھر میں تیسری بلند عمارت ہوگی۔