نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 12 سال بیت گئے

Nazia Hassan

Nazia Hassan

پاپ میوزک (جیوڈیسک) بلبل ایشیا کا لقب پانے والی پاپ میوزک کی بانی گلوکارہ نازیہ حسن کو ہم سے بچھڑے 12 برس بیت گئے، نازیہ حسن کو ان کے گیتوں نے آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھا ہوا ہے۔کم عمری میں ہی لوگوں کی بے پناہ محبت کا خزانہ سمیٹنے والی نازیہ حسن کو جو شہرت اور مقام حاصل ہوا وہ بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ دل موہ لینے والی سریلی آواز، پریوں جیسا حسن اور صلاحیتوں کاجوانمول خزانہ نازیہ حسن کے حصے میں آیا، اسکے لئے لوگ صرف خواہش ہی کرتے رہ جاتے ہیں۔ نازیہ حسن نے اپنے کیرئیر کا باقاعدہ آغاز اسی کی دہائی میں 15 برس کی عمر میں بھارتی فلم قربانی میں سدا بہار گیت گا کر کیا۔

نازیہ حسن نے اپنے چھوٹے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ پاکستان میں جدید پاپ موسیقی کی بنیاد رکھی۔ اسی لئے انہیں پاپ میوزک کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔ نازیہ حسن کی شخصیت اپنے اندر اتنی دلکشی سمیٹے ہوئے تھی کہ انکے ہر گیت، ہر ادا سے لوگ آج بھی محبت کرتے ہیں۔ موسیقی کیلئے انکی ناقابل فراموش خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے نازیہ حسن کو پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔ تیرہ اگست دوہزار کو لندن کے ایک اسپتال میں صرف پینتیس برس کی عمر میں پاپ میوزک کی سریلی آواز ہمیشہ کے لئے خاموش ہو گئی۔