کراچی ، جاپان میں مقیم پاکستانی نژاد جاپانی صحافی ناصر ناکاگاوا کی کتاب” دیس بنا پردیس” کی تقریب رونمائی گزشتہ دنوں آرٹس کونسل آف پاکستان (کراچی )میں منعقد کی گئی جس کا انعقاد جاپان انٹرنیشنل پریس کلب اورکراچی پریس کلب کے تحت کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر اور معروف دانشور رئوف صدیقی تھے جبکہ دیگر معزز مہمانان میں دنیائے صحافت کے بے تاج بادشاہ،مفکر،دانشور، معروف ادیب و شاعر اور جہان پاکستان کے گروپ مینیجنگ ایڈیٹر محمود شام، جیو نیوز کے سینئر کرائم رپورٹر وسینئر صحافی افضل ندیم ڈوگر ، معروف سینئر صحافی وکیل فاروقی ،پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل۔
آرٹس کونسل آف پاکستان (کراچی) کے گورننگ بورڈ کے رکن اور معروف ٹی وی پروڈیوسراقبال نفیس،فلم ،ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار،ہدایتکار اور پروڈیوسر تنویر جمال ،کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خا ن فاران ،روزنامہ امت کے سینئر صحافی مرتضیٰ ذلفی ،معروف افسانہ نگار طاہر نقوی اور ٹوکیو یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سابق پروفیسر عامر علی خان،وزنامہ جنگ،جیو نیوز،دی نیوز،جیو ٹی وی او ر اخبار جہاں کے بیورو چیف برائے جاپان او ر معروف نوجوان کالم نگار عرفان صدیقی شامل تھے ۔
آرٹ کونسل میں منعقدہ اس خوبصورت ادبی تقریب میں ہر مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد افراد نے بھرپور شرکت کی ۔ اس تقریب کا اہتمام ”آج” ٹی وی کے سینئر صحافی سیدجاوید اقبال نے کیا تھا جبکہ نظامت کے فرائض کراچی کے معروف کمپئیر سردار خان نے سر انجام دئیے۔کراچی کے مختلف میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی اس تقریب کی بھرپور کوریج کے لئے موجود تھے ۔
ناصر ناکاگاوا کی کتاب کی اس تقریب رونمائی میں شرکت کرنے کے لئے کراچی سے ہی ان کے قریبی دوست احباب ، جبکہ جاپان سے گیفو پریفیکچر کی ہر دلعزیز شخصیت اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری افضل چیمہ ،پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے جنرل سیکریٹری الطاف غفار اورنشی ٹریڈنگ کمپنی کے چیئر مین اصغر حسین ،معروف کرکٹر ممتاز عالم ،عاشق حسین ،بول پاک گروپ آف کمپنیز کے چئیر مین او ر معروف بین الاقوامی سماجی شخصیت ملک افضل، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے صدارتی امیدوارکھاناگاوا پریفیکچر کے جاوید عباسی ،چیبا پریفیکچر کے سابق سیکریٹری اطلاعات حبیب الرحمٰن نقوی ،سائتا ما پریفیکچر سے سینئر پاکستانی شہباز ہاشمی ۔
پاکستان ایسوسی ایشن جاپان ، یاشیو کی معروف مذہبی شخصیت اعظم شاہ ،کار جنکشن کے چیئر مین چوہدری شعیب اور انکے برادرِ خردچوہدری عظیم ،معروف کاروباری شخصیت اور سینئر پاکستانی وسیم خان ،اعجاز خان،ہاشم بھائی، شاہد سلطان، عرفان احمد ، حماد چوہدری ،کلیم خان، جاوید عباسی ،شہباز ہاشمی ، ٹوکیو یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سابق استاد پروفیسر عامر علی خان ، سفارتخانۂ پاکستان ٹوکیو کے سابق قونصلر ایلیکس ایاش مروان اور انکے ایک قریبی عزیز،قومی ایئرلائین پی آئی اے کے سابق کنٹری مینیجر جاپان و کوریا طارق یاسین نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ اردو نیٹ جاپان کے بیورو چیف برائے چائنا جناب ندیم قریشی اور اردو نیٹ جاپان کے بیورو چیف برائے پاکستان جناب جاوید اختر بھٹی ،آن لائن اخبار تلونڈی ڈاٹ کام کے چیف ایڈیٹر علامہ افتخار احمد،ناصر ناکاگاوا کے بچپن کے دوست صلاح الدین عباسی،سید اکبر علی ،عمران بیگ، جمیل اختر،رضوان بیگ، عرفان بیگ،ممتاز علی اور عبدالوحید نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر عبدالرئوف صدیقی ،محمود شام، پروفیسر معین الدین عقیل ، تنویر جمال ،عالمی شہرتِ یافتہ افسانہ نگار طاہر نقوی، اقبال لطیف اور دیگر معزز مہمانان نے ناصر ناکاگاوا کی کتاب کو خوبصورت الفاظ میں سراہتے ہوئے اسے اردو صحافت و ادب میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ ناصر ناکاگاوا نے اپنی کتاب میں سادہ اور قابلِ فہم اسلوب اپنایا ہے اور کوئی بھی مضمون چند صفحات سے زیادہ نہیں جسکی وجہ سے قاری بوریت کے بجائے اس میں دلچسپی لینے پر مجبور ہو جاتا ہے ۔محمود شام نے اپنے خطاب میں ناصر ناکاگاوا کی کتاب کے چند مکالمے اور پیراگراف بھی پڑھے اور انکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ان لوگوں کے لئے بہت مفید ثابت ہو گی جو جاپان جانے کے خواہشمند ہیں یا جاپان میں ایک طویل عرصے سے مقیم ہیں ،محمود شام نے کہا کہ ناصر ناکاگاوا نے اپنی کتاب میں مزید دلچسپی پیدا کرنے کے لئے اپنے چند سفر نامے بھی شام کئے ہیں جو نہایت ہی دلچسپ اور معلومات پر مبنی ہیں۔ مہمانِ خصوصی عبدالرئوف صدیقی نے ناصر ناکاگاوا کی کتاب کو اس قدر پسند کیا کہ انھوں نے اسی وقت پچاس کتابیں خرید لیں اور اپنے قریبی دوستوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔
پروفیسر معین الدین عقیل نے کہا کہ جاپان میں ناصر ناکاگاوا سے انکی کئی ایک ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور جس طرح انھوں نے جاپان میں اردونیٹ جاپان کے ذریعے اردو کو فروغ دیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ تنویر جمال نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ناصر سے میرے دیرینہ تعلقات ہیں اور میں جب بھی جاپان جاتا ہوں تو ان سے ملاقات ضرور ہوتی ہے ناصر ناکاگاوا نے جاپان میں رہ کر پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین پل کا کام کیا ہے انکی یہ کتاب بھی یقیناََ دونوں ممالک کے ثقافتی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میںمددگار ثابت ہوگی ۔عرفان صدیقی جو اس تقریب کے لئے خصوصی طور پر کراچی تشریف لائے تھے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خوبصورت الفاظ میں ناصر ناکاگاوا اور انکی کتاب کا تعارف پیش کیا اور جاپان سے تشریف لانے والے دوستوں اور کراچی کے اہلِ قلم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ناصر ناکاگاوا ناصرف جاپان بھر بلکہ پاکستان سمیت دیگر سینکڑوں ممالک میںیکساں ہر دلعزیز شخصیت ہیں۔
جنھوں نے اپنے حسن و اخلاق اور تعمیری تحاریر سے کمیونٹی کو یکجا کرنے میں اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے۔آخر میں ناصر ناکاگاوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان سے تشریف لانے والے تمام معزز دوستوں ، بے بے آف اردونیٹ جاپان شفاعت مغل اور انکے والد فرھان مغل ،سید جاوید اقبال ، افضل ندیم ڈوگر ، عرفان صدیقی،مہمان ِ خصوصی عبدالرئوف صدیقیاور اپنے بچپن کے دوستوں صلاح الدین عباسی،عمران بیگ اور عبدالوحید کا شکریہ ادا کیا۔
بعد از تقریب تمام مہمانوں کے لئے آرٹس کونسل کراچی کی جانب سے ہلکے پھلکے ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔ تقریب کے بعد ناصر ناکاگاوا نے حاضرین میں اپنے دستخط کے ساتھ کتابیں تقسیم کیں۔ناصر ناکاگاوا کی کتاب ”دیس بنا پردیس” کی اشاعت کے ساتھ ہی دنیا بھر میں پھیلے شائقین اردو کی جانب سے کتاب کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے۔ ہندوستان میں یہ کتاب اردو نیٹ جاپان کے بیورو چیف کامران غنی سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔