نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اُمتی ہونے کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے ، کم ہے ، پی او اے ایف انٹرنیشنل
Posted on January 26, 2013 By Zain Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد ( بیورو رپورٹ ) ماہ ربیع الاول حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کے حوالے سے رنگ و نور کی چادر سمیٹے ہوئے پوری قوم پر رحمتیں بر سا رہا ہے۔ اس ماہ مبارک میں خدا کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے کہ ہمیں اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اُمتی بنایا۔ ان خیالات کا اظہار پی او اے ایف انٹرنیشنل کے صدر چوہدری محمد اکرم منہاس اور مرکزی وائس چیئرمین امجد خان نے ماہ ربیع الاول کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت تمام امتوں کیلئے رحمت کا باعث ہے۔
اس مبارک دن پوری دنیا پر نور کا اجالا چھا گیا اور تاریک راتوں کا اختتام ہوا۔ پوری دنیا پر حضور پُر نور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمتوں کا سایہ ہو گیا۔ آج ہمیں اس بات پر فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی ہیں اور ہم پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمتوں کا سایہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری اُمت کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس بات کا عہد بھی کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث اور ان کے فرمودات کو اپناتے ہوئے اپنی زندگیوں کو روشن کر کے خدا کے حضور شکر گزار ہوں گے۔
چوہدری محمد اکرم منہاس نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام دنیا کیلئے رحمت کا باعث ہیں اور ان پرنور ساعتوں سے فائدہ اٹھا کر ہم اپنی زندگیوں اور آنے والی نسلوں کی تربیت بہترین طریقے سے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ جس جگہ اور جس ملک میں بھی ہوں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشیاں ضرور منائیں تاکہ ہم اور ہمارے پاکستان پر خدا کی رحمتیں سایہ فگن رہیں اور ہمیں بحرانو ں ، مصیبتوں اور مشکلات سے چھٹکارا نصیب ہو سکے۔