گوجرانوالہ (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر اور خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا ایجنڈا ایک ہی ہے۔
دونوں ملک کی بہتری کے لیے کوئی کام نہیں کرنا چاہتے۔ صحابہ کرام اور اہل بیت کی شان میں گستاخی جو بھی میڈیا گروپ کرے اسے سزا ضرور ملنی چاہیے۔ گوجرانوالہ کی جامعہ عربیہ میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف مجرم ہیں۔ انہیں ملک سے باہر بھیجنےکی بجائے اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔ ملک میں وی آئی پی کلچر قائم ہے۔
ایک سوال پر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مسلم لیگ سب سے زیادہ عرصے تک برسر اقتدار رہی لیکن اس نے قائد اعظم کے فرمودات سے روگردانی کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گرانے کی باتیں چھوڑ کر انہیں کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں قومی ترقی کے ایجنڈے پر متفق ہو جائیں اور حکومت کو پانچ سال پور ے کرنے کا موقع دیا جائے۔
جو ڈلیور کرے گا اس کے سر پر تاج ہو گا اور جو عوام کے اعتماد پر پورا نہیں اترے گا وہ خود ہی ناک آؤٹ ہوجائے گا۔ ملک کو تماشا بنانے اور انارکی پھیلانے سے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔