پاکستان: (جیو ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری نے کہا ہے کہ اپنا مال بچانے کیلئے ملک و قوم کو ایک ڈکیٹر کے رحم و کرم پر چھوڑ کرجانیو الے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔
پیپلز پارٹی میڈیا سیل سے جاری بیان میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کو علم نہیں کہ آئین کے تحت صوبے بجلی کے پروجیکٹس لگا سکتے ہیں، سندھ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کام کر رہی ہے شہباز شریف بیرون ملک دوروں کے بجائے بجلی کے منصوبوں پر کام کریں، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام پولیس کے ظلم، جعلی ادویات، قبضہ مافیا اور ڈینگی کے خوف سے دوچار ہیں، پنجاب میں عورتوں سے ذیادتی کرنے والے حکومت میں بیٹھے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ صدر اور وفاق پر تنقید کرکے نواز شریف اپنی کوتاہیاں نہیں چھپا سکتے، لانگ مارچ اور جڈیشل کمیشن کے شوقین شریف برادران نے جنرل مشرف کے خلاف کیا کیا، شریف برادران کو اب مہران بینک اسکینڈل سمیت ملک کی لوٹی ہوئی پائی پائی کا حساب دینا پڑیگا۔