اسلام آباد : (جیو ڈیسک) نواز شریف کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے سربراہ شاید آئین پاکستان سے واقف نہیں ہیں، وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف عدالت کا کاندھا استعمال نہ کریں۔ میاں صاحب صبر کریں انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔ ہمیں وہ وقت بھی یاد ہے جب دو سپریم کورٹ بنادی گئی تھیں ہمارے خلاف ٹرائل ہوا ہے ہمیں اپیل کرنے کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا آئین سے بالاتر عدالت بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف شاید آئین پاکستان سے بھی پوری طرح واقف نہیں ہیں پارلیمنٹ اکھاڑہ نہیں کہ کوئی کسی کو آنے نہیں دے گا۔ لانگ مارچ کرنے والوں کو شارٹ کٹ سے کچھ نہیں ملے گا۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف ہر سازش کامقابلہ کریں گے۔ ہم پارلیمنٹ کی بالادستی پریقین رکھتے ہیں۔