نوشہرہ : (جیو ڈیسک) معروف سیاسی شخصیت اور عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صدر اجمل خٹک کے مزار پر دو دھماکے، دوسرا دھماکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی موجودگی میں ہوا۔ چار افراد زخمی، ایمل خٹک کا کہنا ہے دھماکہ مخصوص سوچ کے حامی لوگو ں نے کیا۔
نوشہرہ میں اجمل خٹک کے مزار کے قریب دو دھماکے ہوئے جن میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ میں زیر تعمیر سابق سیاستداں اجمل خٹک کے مزار پر پانچ نا معلوم افراد آئے انہوں نے مزار کے قریب بم نصب کئے جو کچھ وقفے کے بعد پھٹ گئے۔
بم دھماکوں سے مزار کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے ہیں تاہم ان دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ کی طرف سے قبول نہیں کی گئی ہے۔