نوشہرہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسہ گاہ کے باہر دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت تیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ نوشہرہ میں فاروق اسٹیڈیم میں عوامی نیشنل پارٹی کا جلسہ ختم ہونے کے بعد لوگ باہر نکل رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکے میں دو سے تین کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ جلسے میں وزیراعلی اور وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا سمیت اے این پی کی مرکزی قیادت بھی شریک تھی۔ دھماکے سے قبل وزیراعلی ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے جا چکے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد کے جاں بحق اور تیس سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا۔