نویں محرم کو علم اور تعزیوں کے جلوس آج برآمد ہوں گے

Muharram Procession

Muharram Procession

لاہور ،کراچی ،اسلام آباد ،ملتان اور پشاور سمیت ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے، عزادار شہزادہ علی اکبر کی شہادت پر پرسہ دیں گے۔ اسلام آباد میں نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی 6 ٹو سے نکالا جائے گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے بعد اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔ کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مرکزی راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ ایمپرس مارکیٹ، ریگل چوک، لائٹ ہاس کورٹ روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مساجد اور امام بارگاہوں سمیت شہر کے حساس مقامات پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور مرکزی جلوس کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے نکلے گا جو اپنے قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔ پشاور میں مرکزی جلوس پشاور صدر سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ میں ختم ہو گا۔ ملتان میں نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بعد نماز مغرب امام بارگاہ ممتاز آباد میں ہی اختتام پذیر ہوگا۔ حیدر آباد میں مرکزی جلوس لطیف آباد نمبر دس سے نکالا جائے گا اور شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرنے کے بعد اسی مقام پر ختم ہو گا۔

ساہیوال میں نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصربتول سے برآمد ہو کر اپنے قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا مائی شاہ قبرستان میں اختتام پذیر ہو گا۔ وہاڑی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہو گا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر ختم ہو گا۔ بہاولپور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس بری والا چوک سے برآمد ہو کر اپنے مرکزی راستوں غلہ منڈی، ماڈل ٹاؤن بی، لکڑ منڈی، محلہ عام وخاص، مچھلی بازار اور فتح خان بازار سے ہوتا ہوا بعد نماز مغربین مرکزی جامع مسجد حسینہ میں اختتام پذیر ہوگا۔