اسلام آباد(جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنماء چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہد عزیز کے انکشافات کے بعد کارگل پر عدالتی کمیشن بنایا جائے۔الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھڑا کیا جارہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملہ پر ن لیگ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ نئے صوبے پر رپورٹ پیش کرنے کے معاملہ پر تحریک استحقاق لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارگل پر عدالتی کمیشن بنایا جائے ۔ کارگل کے حوالے سے تمام حقائق قوم کے سامنے آنے چاہئیں۔
اس معاملے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ نواز شریف نے اپنے سر ذمہ داری لے کر بحران سے نکالا۔ کارگل پر بھارت میں کمیشن بن گیا ہمارا ہاں کیوں نہیں بنا؟ ایک سوال کے جواب میں چودھری نثار نے کہا کہ نگران حکومت پر شاید حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق رائے نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری غیر ملکی ہیں اور سٹیک ہولڈر نہیں ہیں۔حکومت کو طاہر القادری مبارک ہوں۔