جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ نگراں سیٹ اپ کے لئے نواز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان کسی بھی معاہدے کی مخالفت کریں گے۔ جماعت اسلامی نے ڈرون حملوں، نیٹو سپلائی بحالی، امریکی مداخلت اور حکمرانوں کے خلاف سید منور حسن کی قیادت میں المرکز اسلامی سے وزیر باغ تک ریلی نکالی۔ ریلی کے بعد یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان نگران سیٹ اپ کا معاہدہ انتخابات کو ملتوی کرانے کے لئے کیا جا رہاہے۔
سید منور حسن کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایم کیو ایم کا بلدیاتی آرڈیننس شہروں پر قبضہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا ساتھ صرف سند ھ میں سیٹیں بڑھانے کے لئے ہے۔ کنونشن کے دوران تیز بارش کی وجہ سے تقریب بدنظمی کا شکار ہوئی تاہم بہت سے کارکن اپنے قائدین کا خطاب بارش سے بے پرواہ ہو کر سنتے رہے۔ کنونشن سے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔