کراچی جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر نائب صدر اویس نورانی نے کراچی اور بلوچستان کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ اویس نورانی نے کہا کہ ملک کی صورتحال انتخابات ملتوی کرنے کی سازش ہے ،ہمیں کینیڈا اورنہ برطانیہ کا نظام چاہئے ، ہمیں نظام مصطفی چاہئے ۔ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی آرڈیننس صرف دو جماعتوں کا تیار کردہ ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ انھوں نے تین مارچ کو سکھر میں نظام مصطفی مارچ کا اعلان کیا۔ امن وامان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اویس نورانی کا کہنا تھا کہ کراچی اور بلوچستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، حکومت مکمل طور پر ناکام ہے ۔