نیب افسر کامران فیصل کی موت کی آزادانہ تحقیقات کروا کر اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان
Posted on January 24, 2013 By Zain Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد(این ایل آئی)تحریک تحفظ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان نے کہا ہے کہ نیب افسر کامران فیصل کی موت کی آزادانہ تحقیقات کروا کراصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں کیونکہ ان کی پراسرار موت سے لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگاکر اقتدار میں آنے والوں نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
آئے روز بحران جنم لے رہے ہیں 18کروڑ عوام موجودہ حکمرانوں سے شدید مایوس ہوچکے ہیں اور آئندہ انتخابات حکمرانوں سے نجات کا ذریعہ ہوں گے انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں ملکی استحکام مضمر ہے مگر بدقسمتی سے پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے جمہوریت سے عوام کا اعتماد ختم کر دیا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔ محب وطن جماعتیں،علماء کرام ، سپریم کورٹ اور میڈیا کا تعمیری کردار ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ عوام کو ووٹ کی پرچی کا استعمال وطن کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے کرنا ہو گا۔