اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ نیب موجودہ حکومت کا دم چھلا بن چکی ہے ، نیب کی قیادت سے رینٹل پاور فیصلہ پر عملدرآمد کی توقع نہیں۔
ثبوت ہونے کے باوجود 10 ماہ سے کچھ نہیں کیا گیا۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ انہیں موجودہ نیب سے کوئی توقع نہیں ہے ، ڈھائی سال تک چلنے والے کیس میں میں نے ہزاروں شہادتیں پیش کیں ،15جنوری کو سپریم کورٹ نے جو حکم دیا اس میں واضح لکھا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب فی الفور ان افراد کو گرفتار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کامران فیصل پر قائم کیا گیا کمیشن حکومت کا خود ساختہ ہے، کامران فیصل اور نیب کے اہلکاروں کو کمیشن پر اعتماد نہیں، کامران فیصل کے واقعہ پر خود مختار کمیشن کی تشکیل ضروری ہے ،انہوں نے بتایا کہ کامران فیصل کی جوڈیشل کمیشن اپنی کارروائی کرے گا،کل سے اس کی سماعت شروع ہوگی۔