اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کے فرار میں اہم شخصیات کو ذمہ دار قرار دیا ہے،رپورٹ آج سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ نیب کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور سینیٹر جہانگیر بدر نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو فرار کرایا ہے۔
توقیر صادق کو اکتوبر دو ہزار بارہ میں موٹر وے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد فرار کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔ رحمان ملک پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے ممبر فنانس اوگرا میر کمال کا نام ای سی ایل سے خارج کرایا۔
میر کمال قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا جبکہ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے توقیر صادق کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کیا۔ نیب حکام آج سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری ٹیم توقیر صادق کی گرفتاری کیلئے جلد متحدہ عرب امارات جائے گی۔