نیویارک(جیوڈیسک)مشہور برطانوی بینڈ رولنگ سٹونز نے انیس سو ساٹھ کے بعد پہلی بار نیویارک میں پرفارم کیا، بروکلین میں ہونے والے کنسرٹ میں ہزاروں افراد بینڈ کی خوبصورت دھنوں پر جھومتے رہے۔
راک بینڈ رولنگ سٹونز انیس سو باسٹھ میں قائم ہوا جو ان دنوں اپنی پچاسویں سالگرہ منا رہا ہے۔ گزشتہ پانچ دہائیوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب رولنگ سٹونز کے ارکان بروکلین آئے ہیں۔ کنسرٹ میں مک جیگر، کیتھ رچرڈز اور چارلی واٹس کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔
رولنگ سٹونز نے شو کا آغاز اپنے مشہورگانے “گیٹ آف مائی کلاڈ” سے کیا۔ بینڈ نے اپنے پرانے گانوں کے ساتھ ساتھ نئے البم “ڈوم اینڈ گلوم” کے گانے بھی گائے اور سامعین کو خوب محظوظ کیا۔