نیو فرنیچر مارکیٹ ریلوے روڈ گجرات مسائلستان بن چکی ہے
Posted on November 8, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) نیو فرنیچر مارکیٹ ریلوے روڈ گجرات مسائلستان بن چکی ہے ، لاکھوں روپے ریونیو دینے والی اس صنعت کے کارکن مسائلوںمیں گھیر چکے ہیں ،کوئی بھی محکمہ اپنے فرائض منصبی ادا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہا ، جس کی وجہ سے نیو فرنیچر مارکیٹ میں مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے ، ایک سروے کے دوران کاٹیج فرنیچر ایسوسی ایشن کے صدر مولوی منور حسین پڈ انے بتایا کہ نیو فرنیچر ضلع گجرات کی اہم ترین مارکیٹ ہے ، جو ہر سال کروڑوں ٹیکس حکومت کو ادا کرتی ہے ، محکمہ واپڈا ، ٹی ایم اے ، پولیس و دیگر محکمے نیو فرنیچر مارکیٹ کے مسائل کے حل کی طرف توجہ نہیں دے رہے ، مارکیٹ میں ننگی بجلی کی تاروں کے گچھے لٹک رہے ہوتے ہیں ، جو کہ کسی بھی بڑے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں ، سرپرست اعلیٰ چوہدری صادق نے بتایا کہ واپڈا کی غفلت کی وجہ سے کئی دفعہ آگ لگ چکی ہے ، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے ، ننگی تاریں دیواریوں کے ساتھ گزرتی ہیں ، لیکن حکام نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی ، جنرل سیکرٹری گل نواز نے کہا کہ لاکھوں روپے ٹیکس ادا کرنے کے باوجود ہمیں کوئی تحفظ حاصل نہیں ، بغیر کسی سپورٹ کے بجلی کے میٹر لٹک رہے ہیں ، عوام کی جان و مال دائو پر لگی ہوئی ہے۔
کوارڈی نیٹر مرزا اکبر برلاس نے بتایا کہ صرف بل لینے کیلئے واپڈا کا عملہ چکر لگاتا ہے ، اور کبھی بھی تاروں کے جھرمٹ کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ایک ایک پول پر درجنوں کنکشن کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے اکثر سپارکنگ ہوتی ہے اور میٹر جل جاتے ہیں ، اور کئی دفعہ کارخانوں میں آگ لگ جاتی ہے اور لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے ، عارف عطاری نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ تو ایک طرف اکثر مارکیٹ میں بجلی کا لوڈ بھی پورا نہیں ہوتا ، نئے ٹرانسفارمر منظور ہونے کے باوجود ابھی تک نہیں لگے ، جس سے کاروبار کا نقصان ہو رہا ہے ، مہر منیر مانڈہ نے کہا کہ ٹی ایم اے کا عملہ بھی علاقہ کی طرف توجہ نہیں دے رہا ، جس کی وجہ سے تمام نالیاں ابلی پڑی ہیں ، حاجی محمد ریاض آف ریاض فرنیچر نے کہا کہ اگر بارش ہو جائے تو کئی کئی فٹ پانی فرنیچر مارکیٹ میں کھڑا ہو جاتا ہے ، کیونکہ عملہ نے کبھی نالیاں صاف ہی نہیں کیں ، محمد اشرف آف یوسف پلائی ووڈ نے کہا کہ صرف جمعرات کو ٹی ایم اے کا خاکروب نظر آتا ہے کیونکہ اس روز اس نے پیسے اکٹھے کرنے ہوتے ہیں ، وگرنہ صفائی کی طرف کسی کی توجہ نہیں ، چوہدری وقاص عالم آف اسماعیل فرنیچر نے کہا کہ ضلعی حکام کو چاہیے کہ وہ نیو فرنیچر مارکیٹ کے مسائل کی طرف توجہ دیں تا کہ شہریوں کو ریلیف مل سکے اور کاروباری افراد اپنا کام بخوبی سرانجام دے سکیں ۔
اکرم بٹ نے کہا کہ نیو فرنیچر مارکیٹ کی ترقی کیلئے منتخب نمائندوں کو بھی سوچنا چاہیے تا کہ کاروباری افراد کے مسائل حل ہو سکیں ، سلیمان شاہ نے کہا کہ ٹی ایم اے اور واپڈا حکام کو چاہیے کہ وہ ہفتہ وار نیو فرنیچر مارکیٹ کا دورہ کیا کریں اور مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں ، شیر افگن اور جاوید بٹ نے کہاکہ نیو فرنیچر مارکیٹ کے مسائل کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے ، سیوریج کا نظام ناگفتہ بہ ہے اور پانی کا نکاس نہیںہو رہا ، جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ، اگر ہمارے مسائل حل نہ کیے گئے تو ہم احتجاج کریں گے ۔