نیٹو کو سپلائی معطل ہوئے آج پندرہواں روز ہے۔ ملک بھر میں نیٹو کنٹینرز مختلف مقامات پر کھڑے ٹرمینلز کی شکل اختیار کر گئے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں پارک کئے گئے نیٹوٹرالرز اور آئل ٹینکرز کوفوری طورپر واپس بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے سیکرٹری داخلہ سے کہا کہ ان ٹرالرز اور ٹینکرز کا پارک کیاجانا عوام کے جان و مال کیلیے خطرہ ہے لہذا انہیں جلد واپس بھجوانے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان نے یہ ہدایت کوئٹہ میں نیٹو کے آئل ٹینکرز پر حملے کے واقعے کے بعد جاری کی۔ بلوچستان صوبے کے مختلف علاقوں میں اس وقت نیٹو کے پانچ سوسے زائد کنٹینرز اور آئل ٹینکرز مختلف مقامات پر پارک کئے گئے ہیں ۔ دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے پندرہ روز پہلے نیٹو کی سپلائی لائن بند کردی تھی۔ جس کے باعث تمام ملک بھر میں نیٹو کے کنٹینرز کی کلیئرنس نہیں کی جارہی اور وہ مختلف مقامات پر کھڑے ہیں۔