نیٹو کنٹینرز سے سڑکوں کو40 ارب کا نقصان پہنچا۔ وزیر مواصلات

Senate

Senate

وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے سینیٹ کو بتایا کہ نیٹو کینٹنرز کی وجہ سے پاکستان کی سڑکوں کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچا اور بار بار خطوط بھیجنے کے باوجود نیٹو کی طرف سے رقم کی ادائیگی تو درکنار خطوط کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔  سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین جان جمالی کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر مواصلات نے ایوان کو مزید بتایا کہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے امن و امان کے مسئلے کی وجہ سے بند نہیں کئے جائیں گے ۔ میاں رضا ربانی کا حکومت کی نجکاری کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پرائیوٹائزیشن کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ کے ای ایس سی کا حشر ہمارے سامنے ہے نجکاری کی پالیسی پرنظر ثانی کی جائے۔
قائد حزب اختلاف عبدالغفور حیدری نے زرعی ٹیوب ویلز پر سبڈی کے خاتمے کے کابینہ کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے بلوچستان میں زراعت کا صفایا ہوجائے گا۔ سینیٹر وسیم سجاد نے ایوان کی توجہ ایران میں ہلاک کئے جانے والے چودہ پاکستانیوں کی طرف دلائی اور کہا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کی واپسی کے انتظامات کئے جائیں۔ سینیٹ میں کراچی بم دھماکے میں شہید رینجرزاہلکاروں کیلئے فاتحہ خانی بھی کی گئی۔