نیکی اور بھلائی کے کاموںمیں مدد کرنے سے ہی انسان کوحقیقی خوشی ملتی ہے
Posted on August 19, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
فیصل آباد: امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی نے لاثانی سیکرٹریٹ پر تنظیم مشائخ کی مجلس شوریٰ اور صحافیوں سے ”عید کی حقیقی خوشیوں ”کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جو نیکی اور بھلائی کے کاموںمیں ایک دوسرے کی مددکرتے ہیں اور گناہ اور ظلم کے کاموں سے باز رہتے ہیں انہی لوگوںکوحقیقی خوشیاں نصیب ہوتی ہیں، ایسے لوگوںکیلئے تو ہرروز عید ہوتی ہے۔دین خیر خواہی کانام ہے جوشخص ہروقت لوگوں کے فائدے ، بھلائی اور خیر خواہی کیلئے تگ ودوکرتارہتاہے ایسے لوگوں کیلئے دنیا وآخر ت میں کامیابیوں کی بشارتیں دی گئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں صوفی مسعوداحمدصدیقی نے کہاکہ پاکستان میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے ،اس مسئلے سے نجات مل سکتی ہے اگر ایم این اے ،ایم پی اے سمیت یونین کونسل سطح کے ناظمین اور کونسلر اپنے اپنے علاقوں میں موجودرہیں ،لوگوںکے مسائل سنیں ،اور ایک ایک لنگر خانہ قائم کردیںتو اس سے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں اور مقامی سطح پر اگرحکومت زکوٰة اور بیت المال کیلئے ایسی کمیٹیاں تشکیل دے جس میں علاقے کے مخلص لوگوں، مشائخ عظام اور علمائِ کرام کونمائندگی دے تو بہت سے عوامی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔