گوجرانوالہ : (جیو ڈیسک)ٹیکسلا جلسے کے بعد مسلم لیگ ن حکومت کے خلاف آج گوجرانوالہ میں جلسہ کر رہی ہے جس میں مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت شرکت کرے گی اس سلسلے میں گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کی طرف سے میاں نواز شریف خوش آمدید کے بینرز اور بل بورڈز پر ن کے لیگ کے قائدین کی قد آور تصاویر لگائی گئی ہیں۔ ریلی آج شام چار بجے پرانے ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوگی۔
حکومت کے خلاف جاری تحریک میں مسلم لیگ ن نے کل پہلا جلسہ ٹیکسلا میں کیا جس میں نواز لیگ کے سربراہ نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں مشرف نے بھرپور دھاندلی کی، ہم نے نیک نیتی کاثبوت دیامگر ان کی نیت میں کھوٹ تھا،ججوں کی بحالی جس انداز میں ہوئی عوام جانتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ بتایا جائے پانچ سال میں عوام کے لئے کیا گیا؟ غربت، مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ میں اضافہ کیا گیا،کرپشن انتہا کو ہے،ملک کی خودمختاری کا مذاق اڑایا گیا، ہم نے پاکستان کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی،ایبٹ آباد آپریشن کے وقت ملک کی خودمختاری کے تحفظ کا وقت تھا۔
نوازشریف نے کہا کہ ہم نے امریکا کی 5ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرا کرایٹمی دھماکے کئے، پاکستان کوایسی قیادت چاہئے جوملک کی خودمختاری کاتحفظ کرسکے،انہوں نے جلسہ کے شرکا سے کہا کہ میں الیکشن کے لئے نہیں ملک کی بقا کے لیے آپ کے پاس آیا ہوں،آپ کا ملک خطرے میں ہے، مجھے نہیں آپ کو بھی ملک کے لیے باہر نکلنا ہوگا۔
نواز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پڑے 6کروڑ ڈالر پاکستانی عوام کے ہیں، 6کروڑ ڈالر کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بیرون ملک رکھا پیسہ پاکستانی قوم کو واپس ملے گا،پیسہ واپس لانے کے لیے خط لکھنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کرنے والی طاقتوں سے ٹکراجائیں گے،کوئی ہے جیسے بلوچستان، لیاری اور کراچی کے امن کی فکرہو یہ اقتدار نہیں قانون کی حکمرانی کی جنگ ہے۔
نواز شریف نے کہاکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے،کمر کس لیں پاکستان میں جنگل کا قانون نہیں چلنے دیں گے،عوام لانگ مارچ کی تیاری کریں۔