لاہور: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 13ارب روپے عوام میں تقسیم کئے۔ گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب کے مختلف اضلاح سے آئی ہوئی خواتین میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی فرزانہ راجہ کا کہنا تھا اب تک 88ارب روپے غریب اور حقدار خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لوگوں میں تیرہ ارب روپے تقسیم کیے جو کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسی کا مظہر ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نئے صوبے بنانے کے حق میں ہے اور صوبوں کو یکساں طور پر حقوق ملنے سے وفاق مضبوط ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھی عوامی حمایت سے برسر اقتدار آئے گی۔ تقریب میں مجموعی طور پر 263 افراد میں چار کروڑ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے ۔