والدہ قتل جبکہ والد لاپتہ ہم کھجل خوار ہو رہے ہیں ، گمشدہ ماں باپ کے بچے
Posted on November 3, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) والدہ قتل جبکہ والد لاپتہ ہم کھجل خوار ہو رہے ہیں سکولوں کی فیس اور مکان کا کرایہ ادانہ ہونے کی وجہ سے سکول اور مکان سے نکالا جا رہا ہے کوئی پرسان حال نہ ہے والدہ کے قتل کا مقدمہ بھی مدعی کے نہ ہونے کی وجہ سے خارج ہونے کا امکان ہے چیف جسٹس آف پاکستان اور میڈیا سے مدد کی اپیل والد کی تلاش اور مدد کیلئے چھوٹی چھوٹی بچیاں اور معذور بچہ پریس کلب پہنچ گئے۔
تفصیلات کیمطابق بھمبر سے 5 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے راجہ اختر حسین آف پنڈوڑی حال بھمبر رجانی تحصیل سماہنی ضلع بھمبر کا تاحال کوئی پتہ نہ چل سکا لاپتہ ہونے والے اختر حسین کی 5چھوٹی چھوٹی بچیاں اور ایک ذہنی معذور بچہ جن کے نام مشل اختر ،عروج اختر،فریال اختر ،حذیفہ اختر،ایلاف اختر،نوال اختر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ5ماہ قبل ہمارے والد کو کس چناتر پل سے غائب کیا گیا تھا۔
جسکی تلاش کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہماری والدہ کو ایک سال قبل قتل کردیا گیا تھا گھر کا واحد کفیل والد تھا جن کے غائب ہونے سے ہماری گزر اوقات مشکل ہو گئی ہے ہمارا ایک بھائی معذور ہے جبکہ ہم بہنوں کو سکو ل کی فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سکول سے نکال دیا گیا ہے مکان کا کرایہ ادا نہ ہونے کی وجہ سے مالک مکان بھی مکان خالی کرنے کا کہہ رہا ہے کھانے پینے کیلئے رشتے داروں نے بھی مدد کرنی چھوڑ دی ہے جسکی وجہ سے گھر میں فاقوں کی نوعیت آ گئی ہے ہماری والدہ کے قتل کے مقدمہ کا مدعی بھی ہمارا والد ہے مدعی مقدمہ نہ ہونے کی وجہ سے قتل کا مقدمہ بھی خارج ہو جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم گزشتہ 5ماہ سے دربدر کی ٹھوکریںکھا نے کیساتھ ساتھ انتہائی کھجل خوار ہو رہے ہیں ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ ہمارے والد
کی تلاش میں ہماری مدد کریں اور والد کی رہائی میں کردار ادا کریں بصورت دیگر ہمیں بھی والد کیساتھ قید کر دیا جائے تاکہ یوں ذلیل وخوار ہونے سے بچ سکیں ۔