کراچی:(جیو ڈیسک) صوبائی الیکشن کمیشن میں وحیدہ شاہ کیس کی سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔سماعت کے موقع پر ریٹرننگ آفیسر علی اصغر سیال کے روبرو آزاد امیدوار سمیت دیگر انتخابی عملے کے بیان قلمبند کئے گئے جبکہ ڈی ایس پی عرفان شاہ کے علاوہ وحیدہ شاہ کے وکیل سید مصطفی نے وحیدہ شاہ کا تحریری بیان جمع کرایا۔
ریٹرننگ آفیسر کے روبرو بیان قلمبند کرانے والوں میں اسسٹنٹ پریذائڈنگ افیسر حبیبہ میمن، پولنگ ایجنٹ آپا زہرہ ،ڈی ایس پی عرفان شاہ،ضمنی انتخابات کے آزاد امیدواروں مشتاق تالپور ،ارشاد شاہ،عامرزرداری سمیت دیگر نے اپنے بیانات قلمبند کرائے۔
ریٹرننگ آفیسر نے وحیدہ شاہ کے وکیل کی جانب سے موصول ہونے والے تحریری بیان موقف اختیار کیا ہے انتخابی عملے کی پہچان نہ ہونے کے باعث ان سے غلطی ہوئی ، اس پر انہوں نے متعلقہ لوگوں سے معافی مانگ لی ہے۔ وحیدہ شاہ کو پیر کے روز صوبائی الیکشن کمیشن میں دوپہر ساڑھے بارہ بجے طلب کرلیا ہے۔ آزاد امیدوار عامر رضا ،حبیبہ میمن اور شگفتہ میمن کو وحیدہ شاہ کی گاڑیوں کے پروٹوکول میں لایا گیا۔
عامر زرداری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ معافی بھی زبردستی دلوائی گئی ہے،ہم نے اپنا بیان انکوائری کمیشن کے روبرو پیش کردیا ہے اب فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے۔