ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے آغاز میں 98 دن باقی، الٹی گنتی شروع

T20

T20

پالی کیلے : (جیو ڈیسک) چوتھے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے آغاز میں اٹھانوے دن باقی رہ گئے۔اتوار کو پالی کیلے میں سو دن باقی رہنے پر خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے آغاز کیلئے الٹی گنتی شروع کی گئی۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اٹھارہ ستمبر سے سات اکتوبر تک منعقد ہوگا۔

تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ، سری لنکا کرکٹ کے سربراہ اپالی دھرما داسا، کپتان مہیلا جے وردنے، سری لنکا خواتین ٹیم کی کپتان ششی کلاسری وردنے،پاکستان کے محمد حفیظ اور لاستھ مالنگا نے شرکت کی جنہیں ایونٹ کا سفیر مقرر کیاگیا ہے۔

مقامی اسکول کے طلبہ نے پالی کیلے اسٹیڈیم میں سو کا ہندسہ بنایا۔ بچوں میں سو کرکٹ بیٹ تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ہارون لورگاٹ نے کہاکہ ایشیامیں پہلے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ جدید ترین کرکٹ فارمیٹ بہت تیزی سے مقبول ہوا ہے اور اسے دوہزار اٹھارہ کے کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔