وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے حکم پرسوئس حکام کو خط لکھ دیا

Swiss letter

Swiss letter

وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمات کھولنے کیلئے سوئس حکام کو خط لکھ دیا ہے ۔ وزارت خارجہ نے سوئٹزر لینڈ کے حکام کو مقدمات دوبارہ کھولنے کے لیے باقاعدہ طور پر منگل کو خط بھجوا دیا ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ چار برس پہلے اس وقت کے اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم کی طرف سے منی لانڈرنگ کے مقدمات کو بند کر نے کے لیے لکھے گئے خط کو واپس سمجھا جائے۔پاکستان کے صدر کو عالمی سطح پر حاصل استثنی کو نہ چھیڑا جائے۔ وزارت خارجہ کے ایک افسر نے خط بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ خط تین دن پہلے موصول ہوا جسے سفارتی بیگ میں بھجوایا گیا۔ پاکستانی سفیر یہ خط سوئس حکام کے حوالے کر کے اس کی رسید حاصل کریں گے جو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔یہ خط وزارت قانون نے لکھا ہے اور اس کے لیے اٹارنی جنرل سے رائے نہیں لی گئی۔ سرکاری ٹی وی نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی جس کے بعد یہ میڈیا کی اہم ترین خبر بن گئی۔