مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت بچانی ہے تو وزیراعظم خود الیکشن کا اعلان کریں، آئین اورپارلیمینٹ توڑنے والے شخص کو بھی ملک سے باہر بھیج دیا گیا۔ کراچی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی پہلے ساکھ اچھی تھی اب جو ہے سب کے سامنے ہے۔ حکومت نے آج تک کسی بھی معاہدے پر عمل نہیں کیا ہے، این آر او سے دھچکا لگا لیکن پھر بھی حکومت کا ساتھ دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، ملک کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، مشرف سے ملاقات کے دبا کو ہمیشہ رد کیا ،تاہم اس شخص کو بھی ملک سے باہر بھیج دیا گیا ، جس نے آئین اور پارلیامنٹ کو توڑا اور لال مسجد میں قتل عام کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار میں پاکستان ایٹمی پاور بنا اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ بنتا تو پاک بھارت جنگ کا آغاز ہو سکتا تھا۔