وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کو فون کرکے ملک کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کے مطابق ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں کمیٹڈ ہے۔
دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں جمہوریت کامیابی سے چل رہی ہے اور کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ملک میں موجودہ جمہوری نظام کو پٹری سے اتارے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انقلاب اور لانگ مارچ کے نعرے بہت لگ چکے ہیں۔ عوام کی خواہشات کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے انتخابات ہی بہترین طریقہ ہے۔
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی سیاسی قوتوں کی عظیم جدوجہد کے نتیجے میں عمل میں آئی۔ نظام کو بہتر بنانے کے لیے اس کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام سیاسی جماعتوں کی سیاسی بالغ نظری ہے کہ وہ ملک میں جمہوری نظام کے تسلسل کے بارے میں فکرمند ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کے مطابق ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں کمیٹڈ ہے۔ انہوں نے نواز شرف کو یقین دلایا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی سے بھی فون پر رابطہ کیا اورملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا اولین مقصد ملک میں پائیدار جموریت کا قیام ہے۔ اسفند یارولی نے وزیراعظم کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ جمہوری نظام میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔