چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف آئین سے روگردانی کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دے دیا۔ فل بنچ کی سربراہی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ شیخ عظمت کریں گے۔ مقامی وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے تحت وزیر اعظم اعلی عدلیہ کے فیصلوں پر من وعن عمل کرانے کے پابند ہیں۔ تاہم حکومت کی جانب سے عدالت عظمی کے احکامات پر عمل نہیں کیا جارہا بلکہ اعلی عدلیہ کے احکامات اور فیصلوں کو تضحیک کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ درخواست گذار نے درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو کی حیثیت سے وزیر اعظم کا فرض ہے کہ وہ اعلی عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کروائیں مگر ایسا نہ کرکے وہ آئین سے روگردانی کے مرتکب ہورہے ہیں لہذا عدالت وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔