وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع جہاں انکی تمام اتحادی جماعتوں کی نمائندگی ہے وہیں ایم کیوایم ان کے ساتھ نہیں۔گورنر سندھ کا کہناہے کہ ایم کیوایم کے عدالت جانے یا نہ جانے سے فرق نہیں پڑتا۔ ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا آج وزیراعظم کے ساتھ سپریم کورٹ نہیں گئے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزرا ڈاکٹر فاروق ستار اور بابر غوری بدھ کی شب ہی اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے۔ ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ وہ این آر او عملدرآمد کیس میں غیر جانب دار رہے گی ۔ کراچی کے علاقے کلفٹن میں رات گئے ترقیاتی کاموں کے جائزے کے موقع پر صحافیوں سیبات کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم حکو مت کے ساتھ ہے، بلدیاتی نظام پر پیپپلزپارٹی سے بات چیت چل رہی ہے۔ امید ہے جلد معاملات طے پاجائیں گے۔