اسلام آباد(جیو ڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ناراض بلوچ رہنماؤں کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی۔ راجا پرویز اشرف نے لاپتہ افراد سے متعلق اجلاس بھی کل طلب کرلیا۔
بلوچستان کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا ماضی میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا لیکن ان کی حکومت بلوچوں کے دکھوں کا مداوا کرے گی۔
ڈیرہ بگٹی کے آئی ڈی پیز کی بحالی کے لیئے ایک ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ صوبے کے لئے اسلحہ، مواصلاتی نظام اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے دو ارب روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا فوج کی واپسی اور ایف سی کی تعیناتی کے مفید نتائج نکلے۔ ایف سی کو ہدایت کی گئی ہے وہ سیکیورٹی معاملے پر وزیراعلی بلوچستان سے رہنمائی لے۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے صوبے کا امن جلد بحال ہو جائے گا