پنجاب : (جیو ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی عدالتی فیصلے کو تسلیم نہیں کررہے وہ اپیل سے پہلے استعفی دیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی تو وہ بھی عوام کیساتھ میدان میں ہوں گے۔خوشاب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑایا جا ہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم فیصلے کے خلاف اپیل کرنے سے پہلے گھر جائیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا اپیل کے بعد اگر عدالت نے وزیر اعظم کو بے قصور قرار دیا تو گیلانی واپس بھی آسکتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی بحران کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا ان کے دور میں بھارت کو بجلی برآمد کرنے کی باتیں ہورہی تھیں۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہوا تو وہ بھی عوام کے ساتھ احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے خلاف کیے جانے اقدامات کی راہ میں رکاوٹ بنے رہیں گے۔