خان گڑھ (جیوڈیسک)وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے خان گڑھ واقعے میں خواتین کو برہنہ کر کے بازار میں گھمانے والے افراد کو آج شام تک گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے ۔
میاں شہباز شریف صبح سویرے خان گڑھ میں متاثرہ خواتین کے گھر پہنچ گئے۔ ان خواتین کو کل شام نیم برہنہ حالت میں رشتہ مانگنے کی پاداش میں بازار میں گھمایا گیا۔ وزیر اعلی نے ڈی سی او کو حکم دیا ہے کہ اگر آج شام تک باقی ملزم گرفتار نہ ہوئے تو انہیں معطل کر دیا جائے گا۔ واقعے کے دو ملزمان موقع پر گرفتار کر لیے گئے تھے جبکہ باقی تین ملزم ابھی تک مفرور ہیں۔ وزیر اعلی جب متاثرہ خواتین کے گھر پہنچے تو خواتین میاں شہباز شریف کے پاؤں پڑ گئیں۔
وزیر اعلی نے متاثرہ خواتین کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حوا کی بیٹی کی اس طرح بے توقیری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ ایک انسانیت سوز واقعہ ہے۔ انہوں نے ڈی پی او سے کہا کہ وہ قانون کا جائزہ لیں اگر یہ جرم دہشت گردی ایکٹ میں آتا ہے تو اس کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا جائے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ اڑتالیس گھنٹوں کے اندر چالان ہر صورت عدالت میں جمع کرایا جائے۔ وزیر اعلی نے واقعے کی ویڈیو بھی ریکور کرنے کی ہدایت کی ہے۔