بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خزانہ بلوچستان ظہور بلیدی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں اور اس سے اب تک متعدد سیاستدان بھی متاثر ہو چکے ہیں۔
متاثرہ سیاستدانوں میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، ممبر کے پی اسمبلی عبدالسلام آفریدی، وزیراعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش ، ممبر سندھ اسمبلی سید عبدالرشید اور ممبر سندھ اسمبلی منگلا شرما شامل ہیں۔
اب اس فہرست میں وزیر خزانہ بلوچستان ظہور بلیدی کا بھی اضافہ ہو گیا ہے اور ان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ظہور بلیدی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثب آیا ہے، مجھ میں کورونا کی علامات ظاہرنہیں ہوئیں لیکن ڈاکٹروں کی ہدایت پرخود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صحت یاب ہو رہا ہوں، صحت یابی کےلیے دعا کرنے والوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
پاکستان میں کورونا سے اب تک ساڑھے 35 ہزار سے زائد افراد متاثر جب کہ 775 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جس میں سے بلوچستان میں مریضوں کی تعداد 2158 اور اموات 27 ہیں۔