واشنگٹن(جیوڈیسک)وزیرداخلہ رحمان ملک نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹررابرٹ ملرسے ملاقات کی اورڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔
واشنگٹن میں وزیرداخلہ رحمان ملک اوررابرٹ ملر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایف بی آئی اور ایف آئی اے کے درمیان تعاون اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹرنے یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سے پہلے وزیر داخلہ رحمان ملک نے واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام پر واضح کر دیا کہ ڈرون حملوں کی مخالفت سیاسی مصلحت کے تحت نہیں کر رہے۔
پاکستانی عوام ان حملوں سے ناخوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی جان کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں۔ انہیں جیل میں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس قبل رحمان ملک نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اور امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین سے بھی ملاقاتیں کیں۔