کراچی : (جیو ڈیسک) حکومت نے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے متعلق امریکا کو معلومات دینے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو انہیں کراچی منتقل کرنے سے متعلق درخواست سے معذرت کرلی ہے۔صوبائی حکومت نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو قلعہ بالا حصار، پنجاب یا سندھ منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ سنٹرل جیل پشاور پر دہشت گردی کے شدید ترین خطرات کے پیش نظر انہیں منتقل کرنے کی درخواست کئی بار صوبائی حکومت نے کی تھی تاہم تاحال وفاق نے انہیں منتقل نہیں کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے سے انکار کیا تھا جبکہ گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ نے بھی محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو آگاہ کر دیا ہے کہ انہیں سنٹرل جیل کراچی نہیں منتقل کیا جا سکتا جس کے بعد ڈاکٹر شکیل آفریدی کی منتقلی معمہ بن گئی ہے۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی منتقلی نہ ہونے پر صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلافات بھی پیدا ہو چکے ہیں تاہم بلوچستان حکومت نے تاحال اس حوالے سے کوئی جواب فراہم نہیں کیا ہے۔