اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے ہفتے میں 2 چھٹیوں کی اصولی منظوری دیدی تاہم حتمی منظوری مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں دی جائے گی۔ توانائی بحران پر وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے دو چھٹیوں کی تجویز کی حمایت کر دی، وفاقی کابینہ نے ہفتہ وار دو تعطیلات کی تجویز پر مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری کے بعد دو چھٹیاں کی جائیں گی۔ کابینہ اجلاس میں بڑی مارکیٹس غروب آفتاب کے بعد اور شادی ہالز کو رات دس بجے کے بعد بند کرنے کی تجویز بھی منظور کر لی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زرعی ٹیوب ویلز کو رات دس سے صبح آٹھ بجے تک بجلی بلاتعطل فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں بینکوں کی اہم شاخوں کو دو چھٹیوں سے مستثنی رکھنے کی تجویز دی گئی۔