انٹرنیٹ پر خفیہ راز افشا کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس نے امریکہ کی سکیورٹی سے متعلق ایک تھنک ٹینک سٹراٹفر کی پچاس لاکھ سے زیادہ ای میلز کو شائع کرنا شروع کر دیا ہے۔وکی لیکس کا کہنا ہے کہ ان دستاویزات سے لوگوں کو سٹراٹفر کے ڈھانچے، کالے دھن کو جائز کرنے اور اس کے نفسیاتی حربوں کے بارے میں آگاہی حاصل ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں انٹرٹیٹ ہیکرز نے تھنک ٹینک سٹراٹفر کے کمپیوٹرز کو ہیک کر لیا تھا۔سٹیراٹفر کے سربراہ فرائیڈمین کا کہنا ہے کہ ان حالات میں کمپنی کے خلاف سازش کرنے والوں کو مایوسی ہو گی۔سٹراٹفر کے ترجمان نے وکی لیکس پر ای میلز شائع ہونے سے پہلے خبردار کیا کہ وہ ان ای میلز کی صداقت یا غلط ہونے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔دوسری جانب وکی لیکس نے ان دستاویزات کے بارے میں یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے یہ کہاں سے حاصل کیں تاہم گمان یہی ہے کہ وکی لیکس نے ان معلومات کو انٹرنیٹ ہیکرز سے حاصل کیا۔ وکی لیکس کا کہنا ہے کہ یہ دستاویزات جولائی سنہ دو ہزار چار سے لے کر گزشتہ سال دسمبر کے دورانیے پر مشتمل ہیں۔وکی لیکس کے بانی جولین اسانژ نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ بات باعثِ تشویش ہے کہ اس طرح کی کپمنیاں ایک خاص ہدف کے تحت کام کرتی ہیں۔