واشنگٹن (جیوڈیسک) برنی سینڈرز نے ڈیموکریٹ کی جانب سے صدارتی امیدواری کی دوڑ میں ویسٹ ورجینیا کے پرائمری انتخابات میں ہلیری کلنٹن کو شکست دے دی ہے۔
اس کے باوجود ورمونٹ کے سینیٹر مجموعی طور پر ہلیری کلنٹن سے پیچھے ہیں، تاہم اس جیت کے ساتھ امیدواری کے لیے ان کی خفیف سی امید ابھی بھی قائم ہے۔ دوسری جانب اسی ریاست میں رپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات ختم ہونے کے فوراً بعد فاتح قرار دیا گیا۔
انڈیانا اور ویسٹ ورجینیا میں یکے بعد دیگرے کامیابی کے بعد برنی سینڈرز ایک بار پھر مقابلے میں آ گئے ہیں تاہم وہ ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹک امیدوار بننے سے شاید ہی روک پائیں۔
دریں اثناء ٹرمپ نے کہا کہ اوباما کی وجہ سے اسرائیل کو بہت نقصان اٹھانا پڑا وہ جلد مقبوضہ بیت المقدس کا دورہ کریں گے۔