ویمنز ورلڈ کپ (جیوڈیسک) نواں ویمنز ورلڈ کپ آج سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان خواتین ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ یکم فروری کو کھیلے گی۔ نویں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میزبان بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ۔ جنھیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپین انگلینڈ کے علاوہ میزبان بھارت، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ہیں۔ گروپ بی میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہر گروپ میں سر فہرست رہنے والی تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی۔ جو مخالف گروپ سے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے مقابلہ کریں گی۔ سپر سکس مرحلے کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل سترہ فروری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم بھارت کے شہر کٹک ہے۔ جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف جمعے کو میچ کھیل کر ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ آئی سی سی نے بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کے میچز ممبئی سے اڑیسہ کے شہر کٹک منتقل کر دیئے ہیں۔