لاس اینجلس : (جیو ڈیسک) تیسری مرتبہ علیحدگی کا شکار ہونے والے عالمی شہریت یافتہ اداکار ٹام کروز تین جولائی کو پچاس برس کے ہوجائیں گے ٹام کروز کی گولڈن جوبلی سالگرہ کی خوشیاں ان کی اداکارہ بیوی کیٹی ہومز نے کرکری کردیں۔ یہ ان کی پہلی سالگرہ ہے، جسے وہ افسردگی کے ساتھ منائیں گے۔
ٹام نے، جو ان دنوں ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے آئس لینڈ میں موجود ہیں، اپنی سالگرہ فلم کے عملے کے ساتھ منائیں گے۔ ٹام کروز کی فلمی زندگی ہو یا ان کی ذاتی زندگی، وہ ہمیشہ سے ہی ہیڈ لائنز میں ہی رہے ہیں۔
تین شادیوں اور کئی معاشقوں میں ناکامی کا دکھ سہنے والے ٹام کی تیسری بیوی کیٹی ہومز نے نہ صرف ان سے علیحدگی حاصل کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے، بلکہ چھ سالہ بیٹی سوری کی مکمل ملکیت کی درخواست بھی عدالت میں دے دی ہے۔