کولمبو(جیوڈیسک)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی واحد ٹرافی ہے جو آسٹریلیاکے پاس نہیں اور ہم یہ ٹرافی بھی حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ آسٹریلیا ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے گروپ بی میں ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے ساتھ شامل ہے اور اپنا پہلا میچ آئرش ٹیم سے کھیلے گا۔
کولمبو میں پریس کانفرنس میں جارج بیلی نے کہا کہ آسٹریلوی پلیئرز پہلے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو سنجیدگی سے نہیں لیتے تھے لیکن اب صورتحال بدل گئی ہے اور ہم بیس اوورز کے ٹورنامنٹ کو بھی ورلڈکپ جیسی اہمیت دیتے ہیں۔ آسٹریلیاٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے۔ اس بارے میں جارج بیلی نے کہاکہ وہ رینکنگ کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے، ٹیم کی اصل کارکردگی میدان میں ہوتی ہے۔