ٹھل (جیوڈیسک) ٹھل کے قریب اوڈانو کے مقام پر ریلوے ٹریک پر دھماکے کے باعث خوشحال ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور دو افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔ٹھل کے علاقے اوڈانو کے مقام پر کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال ایکسپریس ٹرین کے نیچے ریلوے پٹری پر نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث خوشحال ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ دھماکے کے باعث دو افراد ہلاک اور پندرہ افراد زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی ایس پی ٹھل مرتضی میرانی نے بتایا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا۔ دھماکے کی جگہ 5 سے 8 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا جبکہ چالیس سے پچاس فٹ پٹری اکھڑ گئی۔ دھماکے کے بعد ٹرین میں سوار مسافروں کو سڑک کنارے بٹھا دیا گیا۔ جیکب آباد ٹھل سمیت ضلح بھر کی آٹھ سے زاہد پولیس موبائلیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مسافروں کو ٹھل پہنچایا۔