لاہور : (جیو ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد سمیع نے کہا ہے کہ دورہ سری لنکا کیلئے ٹیم میں دوبارہ واپسی اعزاز کی بات ہے،عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کروں گا۔ فاسٹ بالر کو سری لنکا کے خلاف تینوں طرز کی سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ سے گہرا لگا رکھتے ہیں اور ٹیم سے دوری ان کیلئے بہت تکلیف دہ تھی، سری لنکا کے خلاف تینوں طرز کی سیریز میں شامل ہونے پر بے حد خوشی ہوئی اور کوشش ہو گی کہ صلاحیتوں کے مطابق بھرپور کھیل پیش کر کے سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اتروں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت انہیں محسوس ہو رہا تھا کہ اب شاید انہیں دوبار قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہ ملے لیکن سلیکٹرز نے اعتماد کیا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں، سری لنکا کے خلاف سیریز میں دوبارہ بین اقوامی کیریئر کا آغاز کر کے کھویا ہوا اعتماد دوبارہ بحال کر لوں گا۔
فاسٹ بالر نے کہا کہ ٹیم سے دوری کے باوجود وہ محنت نہیں چھوڑتے بلکہ ان کی تمام تر توجہ بالنگ کو مزید بہتر بنانے پر مرکوز رہتی ہے۔محمد سمیع نے 35 کرکٹ ٹیسٹ میچوں میں 84 اور 83 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں 118 وکٹیں لے رکھی ہیں۔