رواں مالی سال دوہزار بارہ تیرہ کے پہلے چار مہینوں کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 4.78 فیصد، سوتی دھاگہ کی برآمد میں 36.6 فیصد اور سوتی کپڑے کی برآمدات میں 7.86 فیصد کا اضافہ ہو ۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں کے دوران 4.19 ارب ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال سوتی دھاگے کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 701.6 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ سوتی کپڑے کی برآمدات میں بھی گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ان کی برآمدات سے 891.63 ملین ڈالر کا زر مبادلہ کمایا گیا۔
اسی طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے چار مہینوں کے مقابلے میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں ٹینٹ اور ترپالوں کی برآمدات میں 38.36 فیصد جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس 14.6 فیصد اور تولئے کی برآمدات میں بھی 6.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔