وفاق کے پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور دفاع عظیم خان دولتانہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، صدر، وزیراعظم نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں لڈن کوٹ والی پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی درخت سے جاٹکرائی۔ جس کے نتیجے میں ان کا گن مین موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ پارلیمانی سیکرٹڑی زخمی ہوگئے۔ اسپتال منتقلی کے دوران عظیم دولتانہ بھی دم توڑ گئے۔ عظیم خانہ دولتانہ مقامی رکن اسمبلی شہر یار خان کے گھر سے رات گئے واپس جارہے تھے ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق عظیم دولتانہ کی شادی چار فروری کو ملتان میں طے تھی۔ نماز جنازہ آج سہ پہر لڈن میں ادا کی جائے گی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی شرکت بھی متوقع ہے۔