سی این جی ایسوسی ایشن نے قومی اسمبلی کی جانب سے تیل قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ سی این جی پر سے ٹیکس کم کر نے کی قرارداد بھی پاس کرے۔ سی این جی ایسوسی ایشن چیئرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے عوام کے مفاد میں ایک اچھا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری گزارش ہے کہ سی این جی قیمتوں میں کمی پر بھی پارلیمنٹیرینز اپنا کردار ادا کریں۔ سی این جی سیکٹر پر دوہرا ٹیکس نافذ ہے اور وہ پہلے ہی 36فیصد ٹیکس ادا کر رہا ہے اس کے باوجود اس پر ایک دوسرا ٹیکیس لگا دیا گیا ہے۔ جس سے سی این جی اور مہنگی ہوگئی ہے۔ یہ ٹیکیس اسمبلی نے بل پاس کر کے لگایا ہے اور اس کو ہٹانے کا اختیار بھی پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ اس لئے اراکین پارلیمنٹ سے مطالبہ ہے کہ سی این جی پر سے ٹیکیس کو ختم کیا جائے تاکہ عوام کو سستا اور ماحول دوست ایندھن فراہم کیا جاسکے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دوہرا ٹیکس ادا کرنے والے سی این جی سیکٹر پر سے ٹیکیس ختم کیا جائے گا اور عوام کی نمائیندہ پارلیمنٹ عوام کو سستا فیول فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔