اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ دھرنے کی جگہ اور چوک کے درمیان مزید کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں، جبکہ کئی کنٹینرز کے آگے مٹی بھی ڈال دی گئی ہے۔
دوسری جانب دھرنے والوں نے بھی دنڈے سنبھال لیے ہیں۔ گزشتہ شب اسلام آباد انتظامیہ نے ڈی چوک پر سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے علاقے میں مز یدکنٹینرز لگانے کا سلسلہ شروع کیا، دھرنے کی جگہ اور ڈی چوک کے درمیان کنٹینرز کی تیسری تہہ لگانے کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔
دوسری جانب منہاج القرآن کی انتظامیہ نے لانگ مارچ کے دھرنے کی سیکیورٹی بڑھا دی، کئی ڈنڈا بردار کارکنان رات بھر جاگ کر پہرہ دیتے رہے۔ تحریک منہاج القرآن نے اپنے ڈنڈا بردار تیار کرلئے جن میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منگل کے روز لانگ مارچ کے شرکا سے اپنا آدھا خطاب کیا تھا اور بقیہ آدھا خطاب وہ آج کرینگے۔ اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری نے پیش گوئی کی تھی کہ آج کا دن حکومت پر زیادہ بھاری گزرے گا۔