پاکستان (جیوڈیسک)جنوبی افریقہ نے پانچویں ون ڈے میں پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں تین دو کی کامیابی حاصل کرلی۔ اے بی ڈی ویلیئرز کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بینونی میں کھیلے جانے والے سیریز کیگرینڈ فینالے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جو ایک بار پھر غلط ثابت ہوا۔ محمد حفیظ اور عمران فرحت ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام ہوئے۔
تجربہ کار مڈل آڈر بھی اس اہم معرکہ میں کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے سے قاصر رہا۔یونس خان انتیس، مصباح الحق چوبیس ، اور شعیب ملک اٹھائیس رنز بناکر پویلین لوٹے۔ شاہد آفریدی ایک بار پھر صفر پر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں دو سو پانچ رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ کامران اکمل اڑتالیس رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
دو سو چھ رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کے بارہ رنز پر آٹ کرنیکے بعد قومی ٹیم میں جان سی آگئی۔ لیکن ان فارم بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز کا ایک رن پر یونس خان نے کیچ چھوڑ دیا۔
جو پاکستان کو بہت مہنگا پڑا۔ ڈی ویلیئرز نے فرحان بہاردین کے ساتھ مل کر ستاسی رنز کی شراکت قائم کی۔ جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف چوالیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ڈیویلیر نے ناقابل شکست پچانوے رنزبنائے۔ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے کا تاریخی موقع گنواں دیا۔